یہ کیڑیاں اتنی بیوقوف کیوں ہوتی ہیں

  • Work-from-home

Mahen

Alhamdulillah
VIP
Jun 9, 2012
21,845
16,877
1,313
laнore

ج صبح نماز کے بعد میں چائے بنا رہی تھی جب میری نظر ایک بار پھر کچن کی کھڑکی کے کونے پر کیڑیوں کی ایک جماعت پر پڑی۔ یہ کیڑیاں فوج کی کسی دستے کی طرح کھڑکی کے کونے سے نکل کرآگے بڑھتی ہوئی کچن سنک کے نیچے کہیں گم ہورہی تھیں۔ یہ منظر میرے لئے کوئی نیا نہیں تھا۔ جب سے بارش کا موسم شروع ہوا ہے ان کیڑیوں نے بھی اپنے لئے محفوظ پناہ گاہ اور بارش سے بچنے کا انتطام کرلیا ہے۔

روزانہ یہ ننھی مخلوق بڑے منظم طریقے سے ایک ہی قطار میں ایک ہی رفتارسے ایک جگہ سے دوسری جگہ جارہی ہوتی ہیں۔ مجال ہے جو کوئی لائن چھوڑ کر یہاں سے وہاں ہوجائے ایسا لگتا ہے کہ ان میں کوئی سوچا سمجھا منصوبہ ہے کہ اس طریقے سے، ایسے ہی، اس جگہ سے اس جگہ اور ایک ہی سمت پر سفر کرنا ہے۔ اگر کبھی ایسا ہو جائے کے مخالف سمت سے ان کی چند سکھیاں آرہی ہوں تو وہ بھی باقاعدہ قطار کی شکل میں آتی ہیں اور ہر ایک سے باقاعدہ مصافحہ اور حال احوال دریافت ہوتا ہے۔ یہاں تک تو ٹھیک ہے اور کسی بھی دیکھنے والے کو زیادہ اعتراض نہیں ہوگا کہ اس کے گھر میں بغیر کرائے کے کئی ہزار کیڑیاں بھی رہائش پذیر ہیں۔ مگر جب کبھی کبھاریہ جماعت مل کر اپنے سے کئی گنا بڑے کاکروچ کو اٹھائے لے جانے میں مشغول ہوتی ہیں، جسے دیکھ کر احرام مصر بنانے والے وہ مزدور یاد آجاتے ہیں جو کئی سو کلو وزنی پتھر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جاتے تھے اور کس طرح کی محنت و مشقت کرتے تھے۔

اور بات جب یہاں تک پہنچ جائے کہ تھوڑی دیر کو کوئی پلیٹ وغیرہ سنک میں بغیر دھلے رہ جائے اور وہاں بھی یہ خواتین غلبہ کئے بیٹھی ہوں تو بڑی کوفت ہوتی ہے۔ ویسے میں انتہا پسند تو نہیں ہوں مگر مجھے بھی تو یہ بتانا ہوتا ہے کہ بھئی گھر کے مالک آپ نہیں میں ہوں اور بہبود آبادی بھی کوئی چیز ہوتی ہے لہذا مجبوراً اسپرے اٹھا کر کھڑکی کے کونے سے لے کر کچن کی سنک تک ایک فوراہ ان پر برسانا پڑتا ہے۔ اسپرے کے بعد وہ وہیں جم جاتی ہیں اور پیچھے آنے والیاں بھاگ دوڑ کر یہاں وہاں پناہ لیتی ہیں۔ اس اثناء میں میری چائے ابلنا شروع ہوتی ہے اور میں اس طرف متوجہ ہوجاتی ہوں۔ پھر دوسرے دن وہی تماشہ۔

اب یہاں تعجب کی بات یہ نہیں کہ کئی سو مارگرانے کے بعد دوسرے ہی دن اسی جگہ اسی طرح قطار بنائے ہوئے پہلے سے بھی بڑی تعداد میں وہ پھر موجود ہوتی ہیں بلکہ تعجب ان کی ثابت قدمی پر ہوتا ہے کہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ کسی بھی وقت یہاں حملہ ہوگا اور ہم میں کئی سو کو ڈھیر ہوجانا ہے پھر بھی اس بات کی پرواہ کئے بغیر موجود ہوتی ہیں، اور اپنا ٹھکانہ چھوڑنے پر تیار نہیں ہوتیں۔
کیا یہ اتنی بیوقوف ہوتی ہیں کہ خطرہ جان کر بھی اس میں کود جائیں یا اس میں کوئی مسلک چھپا ہے؟

اگر غور کیا جائے تو خدا نے چھوٹی سے چھوٹی مخلوق میں بھی انسان کے لئے حکمت رکھی ہے۔ یہ کیڑیاں ہمیں بقا کی جنگ میں ثابت قدم رہنا سکھاتی ہیں۔ منظم ہوکر کسی کام کو اپنے انجام تک پہنچانے کا درس دیتی ہیں۔ متحد ہوکر خطرے سے نمٹنا اور ایک دوسرے کا کڑے وقت میں ساتھ دینے کا طریقہ سمجھاتی ہیں۔ انفرادی فائدے کے بدلے اجتماعی مفاد کے حصول پر محنت کرنے کا درس دیتی ہیں۔ خواہ اس محنت میں اپنی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔ شاید یہ کیڑیاں بیوقوف نہیں ہوتیں، شاید ہم ہی ان میں چھپی حکمت کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
 
Top