مشورہ

  • Work-from-home

Haider_Mk

Active Member
Oct 14, 2013
282
124
193
مشورہ
میرے استادِمحترم میرے متعلق یہ گمان رکھتے ہیں کہ میں بظاہر جتنا معصوم نظر آتا ہوں ، اندر سے اُتنا ہی شرارتی بھی ہوں۔ آج تک یہ معاملہ میری سمجھ سے باہر ہے ۔اب آپ خود ہی بتائیں کہ کسی کو مشورے سے نوازنا اچھی بات ہے یا بری؟۔
در اصل ہُوا کچھ یوں کہ ایک دوست مجھ سے کہنے لگا کہ کل چھٹی کرنے کا دل کر رہا ہے ۔ میں نے عرض کیا کہ بھئی تمہارا دل کر رہا ہے تو میں کیا کروں؟ تم جانو یا تمہارا دل جانے۔ کہنے لگا کہ کوئی مشورہ ہی دے دو۔ میں نے جواب میں اسے محض یہی مشورہ دیا کہ رات کے تیسرے پہر مدرسے کے مرکزی دروازے کو لگے تالے میں ایلفی ڈال دینا ۔ یوں تمہارے ساتھ دوسرے لوگوں کا بھی بھلا ہو جائے گا۔ مجھے کیا علم تھا کہ یہ ”عقل کا گھاٹا“ سچ میں ہی ایلفی ڈال دےگا۔ اگلی صبح جونہی مدرسہ پہنچا تو خبر ملی کہ ”کسی“ نے تالے میں ایلفی ڈال دی ہے۔ مجھے انتہائی غصہ آیا کہ میں صبح صبح نیند کی قربانی دے کر پڑھنے آیا ہوں اور آگے سے ”کسی ناہنجار“ نے یہ عظیم الشان کارنامہ انجام دیا ہوا ہے ۔ خیر کافی سوچ بچار کے بعد قاری صاحب نے چھٹی کا اعلان کیا اور ہم نے گھر کی راہ لی۔
اتنے میں اُس محترم دوست نے آواز دے کر روکا اور بتایا کہ یہ کارنامہ موصوف کا ہے۔غصہ تو پہلے ہی چڑھا ہوا تھا ، یہ اعتراف جرم سن کر میرا پارہ مزید ہائی ہوگیا۔ میں نے کہا کہ ابھی قاری صاحب کو جا کر بتاتاہوں۔ جواب ملا کہ ہاں۔ ضرور جاؤ۔ شوق سے جاؤ۔ میں بھی قاری صاحب کو بتا دوں گا کہ یہ مشورہ تمہارا ہی ہے۔
میں تو سرے سے بھول ہی چکا تھا کہ یہ مشورہ دینے والی عظیم ہستی کوئی اور نہیں بلکہ میں بذات خود ہی ہوں۔ اگر شریک جرم نہ ہوتے تو شکایت بھی کرتے۔
اگلے دن مدرسہ گیا تو فساد کی اصل جڑ پکڑی جا چکی تھی۔ قاری صاحب نے ناچیز کی خوب خاطر تواضع کی۔ اور کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا، تم جتنے معصوم نظر آتے ہو اتنے ہی شرارتی بھی ہو۔ اب بتاؤ کہ آئندہ دو گے ایسے مشورے؟۔
میں بیچارہ خاموش ہوگیا۔ بھلا کیا جواب دیتا؟۔ آپ خود ہی بتائیے کہ کیا مشورہ دینا بھی کوئی جرم تھا؟۔​
تحریر = حیدر مجید
 
Top