2009 and Bollywod

  • Work-from-home

Pari

(v)i§§· ßµølï ßµð£ï¨
VIP
Mar 20, 2007
46,142
19,780
1,313
Toronto, Canada
سال رواں کو ختم ہونے میں بس گنتی کے دن باقی رہ گئے ہیں۔ یہ وہ وقت ہے جب بالی وڈ یہ محاسبہ کرتا ہے کہ ختم ہونے والا سال اُس کے لیے کتنا منافع بخش رہا۔ کون سا ستارہ کس پر بھاری پڑا، کس کی چمک ماند پڑی اور کس نے سر پر سجایا ابھرتے ستارے کا تاج۔

عالمی سطح پر چھائے ہوئے معاشی بحران کا اثر بالی وڈ کے کاروبار پر بھی پڑا اور رہی سہی کسر سوائن فلو کے خوف نے پوری کردی۔ اقتصادی اعتبار سے بالی وڈ کی چند فلمیں ہی باکس آفس پر خاص بزنس کرپائیں جن میں وانٹیڈ، کمینے، ویک اپ سدھ، لو آج کل اور عجب پریم کی غضب کہانی کے نام قابل ذکر ہیں۔ لیکن بھارتی فلمی تاریخ میں 2009ء کو یاد رکھا جائے گا کہ فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے لیے ایک نہیں دو آسکر ایوارڈز جیت کر موسیقار اے آر رحمان کی بھارتی فلمی صنعت کوعالمی سطح پر نئی پہچان دینے کا باعث بنے۔

اگر ہم 2009ء کے سب سے کامیاب ہیرو کا انتخاب کریں تو ذہن میں صرف رنبیر کپور کا نام آتا ہے۔ سال کی دو ہٹ فلمیں ویک اپ سدھ اور عجب پریم کی غضب کہانی میں بطور ہیرو کام کرنے والا کپور خاندان کا یہ چراغ اِن دنوں شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ فلم راکٹ سنگھ میں بھی فلم ناقدین نے رنبیر کی اداکاری کی دل کھول کر تعریف کی۔

رنبیر کے بعد بالی وڈ کی دوسری ہستی جو اپنے کام کی وجہ سے لوگوں کے تصور میں رہی وہ ہیں بگ بی۔ اپنی فلم پا میں 13 سالہ بیمار بچے کا کردار کرکے امیتابھ بچن نے فلمی اداکاری کو مزید اونچے درجے پر پہنچا دیا۔ کرینہ کپور کے سابق بوائے فرینڈ شاہد کپور نے فلمساز وشال بھردواج کی فلم سپرہٹ کمینے میں چارلی او گڈو کے دوہرے کردار کو شاندار طریقے سے نبھاکر یہ ثابت کردیا کہ اداکاری انہیں وراثت میں اپنے والد اور عظیم اداکار پنکج کپور سے ملی ہے۔


اگر مقبولیت کی بات کریں تو سلمان خان اب بھی فلمی مارکیٹ میں ایک رعب رکھتے ہیں شاید اسی لیےاُن کی فلم وانٹیڈ باکس آفس پر اس سال کی سب سے منافع بخش فلم ثابت ہوئی۔ تمل اور تیلگو زبان میں بنی فلم پوکیری کے اِس ہندی ری میک نے 75 کروڑ روپیے کا بزنس کیا۔ جب کہ سلمان کی دیگر دو فلمیں لندن ڈریمز اور میں اور مسز کھنہ فلاپ ثابت ہوئیں۔

سلمان کے روایتی حریف شاہ رخ خان بھی کندھوں کے آپریشن کی وجہ سے اِسں پورے سال کوئی خاص کمال تو نہیں دکھا پائے تاہم امریکی ہوائی اڈے پر اپنے خان نام کے سبب پوچھ تاچھ کے لیے کئی گھنٹوں تک روکے جانے کے لیے شاہ رخ خبروں میں بنے رہے۔ اُن کی فلم بلو بابر بھی باکس آفس پر بری طرح پیٹ گئی۔ تاہم اشتہاروں کی دنیا میں شاہ رخ کا بول بالا رہا۔

سال میں صرف ایک فلم پر کام کرنے کے لیے مشہور بالی وڈ ہیرو عامر خان کی نئی فلم تھری اڈیئٹس دسمبر کے آخری ہفتے میں ریلیز ہوئی ہے اور فلمی ٹریڈ تجزیہ کاروں کے مطابق عامر کی نئی فلم نے فلاپ فلموں سے پریشان بالی وڈ کو دیر سے ہی پر کم سے کم مسکرانے کی وجہ اور امید کی کرن دکھائی ہے۔

چھوٹے نواب سیف علی خان کے لیے بھی 2009ء پیشہ ور اور ذاتی سطح پر کافی یادگار رہا۔ بطور پروڈیوسر سیف کی پہلی فلم ’لوَ آج کل’ سنیمابینوں کو کافی پسند آئی۔ اصل زندگی میں گرل فرینڈ کرینہ کپور کے ساتھ سیف کی فلم قربان بھی فلاپ ثابت ہوئی۔ فلم میں سیف نے ایک دہشت گرد کا کردار کیا تھا۔ ونہی دہشت گردی جیسے حساس موضوع پر بنی فلمساز کبیر خان کی فلم نیو یارک نے سابق ماڈل جان ابراہم کو بطور اداکار ایک منفرد پہچان دی۔ جان کی اِس فلم نے باکس آفس پر 55 کروڑ روپیے سے زائد کا بزنس کیا۔ جان ابراہم کے لیے بطور اداکار یہ سال کافی فائدہ بخش ثابت ہوا۔ ابھئے دیول کی ہٹ فلم دیو ڈی بھی سنیما بینوں کو بے حد اچھی لگی۔

بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے 2009ء میں ایکشن کی بجائے کامیڈی کے ذریعے لوگوں کو اپنی طرف راغب کیا۔ اجے کی ہوم پروڈکشن فلم آل دی بیسٹ، گول مال ریٹرنس اور دے دنا دن اِن تینوں مزاحیہ اور ہلکی پھلکی فلموں کو لوگوں نے سراہا۔ لیکن لگتا ہے بالی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کے ستارے گردش میں ہیں۔ تبھی تو ہندی فلمی صنعت کی مہنگی ترین فلم بلیو میں خطرناک زیرآب ایکشن سین دینے کے باوجود اکشےفلم کو ڈوبنے سے نہیں بچا پائے۔ اکشے کی سال کی دوسری بڑے بجٹ کی فلم کمبخت عشق اور چاندنی چوک ٹو چائنا بھی سنیما گھروں میں کچھ خاص کمال نہیں دکھا پائی۔

اِس سال جہاں بالی وڈ ہیرو سنجے دت کی فلمیں لک اور بلو دنوں ہی اُن کے کیریئر کے لیے کچھ خاص کمال نہیں کرپائیں ونہی ابھیشیک بچن کی فلم دلی 6 بھی بری طرح پٹ گئی۔ رتیک روشن بھی اپنی ہوم پروڈکشن فلم کائٹس کی عکس بندی کے دوران میکسیکو سے تعلق رکھنے والی فلم کی ہیروئین باربرا مورے کے ساتھ اپنے افیئر کی وجہ سے خبروں میں رہے۔

جہاں تک ہیروئینوں کا تعلق ہے تو 2009ء میں کترینہ کیف، کرینہ کپور، پرینکا چوپڑا اور دیپیکا پڈوکونے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا۔ کرینہ اِس سال کوئی بڑی ہٹ فلم تو نہیں دے پائی مگر فلم کمبخت عشق میں اپنے سائز زیرو فیگر، فلم قربان میں بوائے فرینڈ سیف کے ساتھ بولڈ بیڈ روم مناظر اور اپنے سابق بوائے فرینڈ شاہد کپور کے ساتھ بریک اپ کو لے کر اُن کے بارے میں کافی کچھ لکھا گیا۔ اِس کے برعکس کترینہ نیو یارک، عجب پریم کی غضب کہانی، دے دنا دن جیسی ہٹ فلموں اپنے کام کے سبب خبروں میں بنی رہی۔
دیپیکا کی فلم لو آج کل بھی باکس آفس پر ہٹ رہی۔ فلم ساز آسوتوش گواریکر کی فلاپ فلم واٹس یور راشی میں بارہ مختلف کردارنبھا کر پرینکا نے گینیز ورلڈ ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرالیا۔ اِس کے علاوہ ہٹ فلم کمینے میں مراٹھی لڑکی کا کردار نبھا کر ثابت کیا کہ بالی وڈ میں گلیمرس امیج رکھنے والی پرینکا اپنے فلمی کردار کے لیے کسی بھی حد تک محنت کرنے کے لیے تیار ہے۔

فلم دل بولے ہڑی پا کے فلاپ ہونے کے بعد اداکارہ رانی مکھرجی کا فلمی کیریئر خطرے میں پڑ گیا ہے وہیں بپاشا باسو بھی پیش ور سطح پر فلم آل دی بیسٹ کے علاوہ کوئی دوسری ہٹ فلم میں نظر نہیں آئیں۔

بالی وڈ میں 2009ء میں ایسا واقعہ بھی رونما ہوا جس سے انڈسٹری شرمسار ہوگئی۔ فلم گینگسٹر اور ہزاروں خواہشیں ایسی کے ہیرو شائنی آہوجا اپنی نوکرانی کے ساتھ عصمت دری کے الزام جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلے گئے۔ فی الحال شائنی ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔ ونہی دوسری طرف فلم ساز مہیش بھٹ کے بیٹے راہول بھٹ کا نام مبینہ دہشت گرد ڈیویڈ ہیڈلی سے جڑنے پر بالی وڈ میں کھلبلی مچ گئی۔

میڈیا نے اِس سال بالی وڈ ہیروئین شیلپا شیٹھی اور راج کندرا کی شادی کو بڑے پیمانے پر کوریج دی۔ فلم ڈان میں شاہ رخ کی ہیروئین کا کردار کرنے والی اِشاکوپی کر نے بھی ٹیمی نارنگ سے شادی کی۔

بالی وڈ کے مقابلے ہالی وڈ فلموں نے اِس سال بھارتی فلمی مارکیٹ میں امید سے بہتر بزنس کیا ہے۔ ہالی وڈ فلم ساز جیمز کیمرون کی اوتار، ہیری پاٹر اینڈ دی ہاف بلڈ پرنس اور ہینگ اوور فلموں نے بھارتی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کاروبار کیا۔ نمائش کے پہلے دن فلم اوتار نے بھارت میں سات کروڑ روپیے کا کاروبار کرکے نئی تاریخ مرتب کردی۔

موجودہ سال کی آخری بڑی ہٹ عامر کی فلم تھری ایڈیئٹس رہی تو نئے سال کے آغاز میں ہی سلمان کی نئی فلم ویر اور شاہ رخ کی نئی فلم مائی نیم اِز خان سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
 
  • Like
Reactions: nrbhayo
Top