ونی
مان لے بیٹی
خالی دامن کو پھیلائے
مانگ رہی ہے ماں اپنی بیٹی سے رو کے
اِک چھوٹی سی یہ قربانی
بھیک میں دے دے تُو اپنے پیارے بھائی کو
جیون کی کچھ اور بہاریں
اُس کی آنکھوں میں جلنے دے
اور ستارے
مان لے بیٹی
تجھ کو پنچاہت میں جا کر ہاں کہنی ہے
باپ کی پگڑی کو گرنے سے آج بچا لے
ورنہ گھر سے تین جنازے ساتھ اُٹھیں گے
اپنی آنکھوں کے اب سارے خواب بجھا دے
دل کے شہر کو آگ لگا دے